یمن اردو: یمنی پارلیمنٹ کے اسپیکر شیخ یحییٰ علی الراعی نے علما پر زور دیا ہے کہ وہ سعودی حکومت کے پیسے سے چلنے والے پروپیگنڈے کے ذرائع کو بے نقاب کریں، افواہوں اور جھوٹ کا توڑ کریں، اور سعودی تصعید اور روڈ میپ و امن کوششوں پر عمل درآمد سے سعودی حکومت کے فرار کے مقابلے میں یمن کے دفاعی موقف کو واضح کریں۔ انہوں نے یہ بات پیر 19 اکتوبر کو صنعاء میں دارالافتاء اور رابطہ علمائے یمن کے دورے کے موقع پر کہی، جہاں مفتی اعظم یمن اور رابطہ علمائے یمن کے سربراہ علامہ شمس الدین شرف الدین، رابطہ کے سیکرٹری جنرل شیخ طہٰ الحاضری اور اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل خالد موسیٰ نے ان کا استقبال کیا۔
الثورہ نیٹ کے مطابق ملاقات میں ملکی، علاقائی اور عالمی سطح پر تازہ پیش رفت اور امت کی وحدت کو نشانہ بنانے والی سازشوں پر تبادلہ خیال ہوا، جن میں سرفہرست وہ سازشیں ہیں جن کا یمن کو فلسطینی عوام، ان کے منصفانہ مقصد اور غزہ کی مزاحمت کی حمایت کے موقف کی وجہ سے سامنا ہے۔ شیخ یحییٰ علی الراعی نے عرب اور اسلامی دنیا کے موقف کا ذکر کرتے ہوئے شیخ الازہر کی حالیہ اپیل کو سراہا جس میں سیاسی کوششوں کو آگے بڑھانے اور خطے کے بحرانوں کے خاتمے کے لیے پرامن حل کو ترجیح دینے پر زور دیا گیا تھا، اور ساتھ ہی مفتی اعظم لیبیا، سلطنت عمان کے مفتی اور علما اور متعدد عرب و اسلامی ممالک کے ان موقف کی تعریف کی جو مظلوم یمنی عوام کی حمایت میں سامنے آئے۔
مزید پڑھیں: سعودی اتحاد مسلمانوں کو لڑانے کے لیے ہے، مفتی اعظم لیبیا شیخ صادق الغریانی
اسپیکر نے عرب اور اسلامی ممالک کے علما اور اداروں سے کہا کہ وہ حقیقت کی تصدیق سے پہلے فیصلے صادر کرنے میں جلدی نہ کریں اور سچائی کی چھان بین کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے قومی صفوں کے اتحاد کو مضبوط بنانے اور معاشرتی ہم آہنگی کے تحفظ کے لیے باشعور دینی خطاب کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ اس جارحیت اور محاصرے کے اثرات کا مقابلہ کیا جا سکے جو دارالحکومت اور مختلف صوبوں میں یمنی عوام کے وسائل اور روزمرہ زندگی کو نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے یمنی عوام کی مظلومیت دنیا تک پہنچانے، دوہرے معیار کو بے نقاب کرنے اور یمن، فلسطین اور خطے کے مستضعفین کی حمایت جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر مفتی اعظم یمن علامہ شمس الدین شرف الدین نے یمنی عوام کے مقصد کی حقانیت اور ان پر مسلط جارحیت اور محاصرے کی مذمت کرتے ہوئے سیرت نبوی میں بیان کردہ اہل یمن کے فضائل کا ذکر کیا۔ انہوں نے یمن کو نشانہ بنانے والے سازشی منصوبوں کا مقابلہ کرنے اور بیرونی سازشوں کے خلاف عوام میں شعور بیدار کرنے میں علمائے یمن کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی پارلیمانوں تک یمنی عوام کی مظلومیت پہنچانے میں پارلیمنٹ کے کردار کو سراہا اور خبردار کیا کہ سعودی تصعید کا جاری رہنا امت کے دشمنوں کی خدمت ہے اور پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔
ماخذ: الثورہ نیٹ، سبا نیوز ایجنسی، المسیرہ


