یمن اردو: یمنی مسلح افواج نے منگل کے روز سعودی عرب کے اندر دو فوجی کارروائیاں کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان یمنی مسلح افواج بریگیڈیئر یحییٰ سریع نے اپنے بیان میں بتایا کہ پہلی کارروائی میں ایک ڈرون طیارے سے ابہا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔ نشانہ ٹھیک لگا اور ہوائی اڈے پر پروازوں کی آمد و رفت رک گئی۔

ترجمان کے مطابق دوسری کارروائی میں خمیس مشیط کے فضائی اڈے پر ایک بیلسٹک میزائل داغا گیا جو سیدھا اپنے ہدف پر لگا۔ خمیس مشیط کا یہ اڈہ وہی جگہ ہے جہاں سے سعودی جنگی طیارے اڑ کر یمن کے شہروں اور دیہاتوں پر بمباری کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: یمنی ڈرون حملوں سے دمام ہوائی اڈے پر پروازیں رک گئیں، ترجمان یمنی مسلح افواج یحییٰ سریع

یہ کارروائیاں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب سعودی طیارے روزانہ یمن پر درجنوں حملے کر رہے ہیں۔ یمنی مسلح افواج کے مطابق صرف پیر کے روز چوبیس گھنٹوں میں سعودی عرب نے یمن پر ایک سو نو فضائی حملے کیے، اور جارحیت میں اضافے کے بعد سے ایسے حملوں کی تعداد تقریباً چار ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ آج بھی صوبہ تعز کے ضلع الشمایتین پر سعودی بمباری میں ایک خاتون سمیت دو شہری شہید ہوئے۔

دو دن پہلے یمنی افواج نے سعودی عرب کے دمام ہوائی اڈے، جیزان کے ریڈار اور جیزان ہوائی اڈے پر کھڑے ایک فوجی مال بردار طیارے کو بھی نشانہ بنایا تھا۔ صنعاء کا کہنا ہے کہ جب تک سعودی جارحیت اور محاصرہ جاری رہے گا، یمنی جواب بھی جاری رہے گا۔

ذریعہ: یمنی مسلح افواج، یمن پریس ایجنسی، المسیرہ، المیادین