یمن اردو: ترجمان یمنی مسلح افواج یحییٰ سریع نے بدھ کی شام اعلان کیا کہ یمنی فوج نے جنوبی صوبے لحج میں لوہے کے کارخانے کے علاقے میں سعودی افسر بدر الحربی کے ماتحت جمع جتھوں کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا۔ بیان کے مطابق میزائل ٹھیک ہدف پر لگا اور حملے میں بڑی تعداد میں لوگ ہلاک اور زخمی ہوئے۔

یہ بدھ کے دن یمنی فوج کی تازہ کارروائی ہے۔ اس سے پہلے یمنی فوج نے سعودی دارالحکومت ریاض میں شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا اور دنیا کی فضائی کمپنیوں اور مسافروں سے کہا تھا کہ وہ سعودی فضا سے سفر نہ کریں۔

مزید پڑھیں: یمنی فوج نے ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا، ترجمان یمنی مسلح افواج یحییٰ سریع

بدھ ہی کو یمنی فوج نے تعز کی فضا میں سعودی عرب کا دسواں ونگ لونگ 2 ڈرون مار گرانے، الجوف کے مشرق میں سعودی افسر فارس الشمری کے جتھوں پر چھ بیلسٹک میزائل داغنے، اور جیزان و نجران میں راڈار، فوجی کیمپ اور سرحدی محافظوں کی کمان کی عمارت کو نشانہ بنانے کا اعلان بھی کیا تھا۔

یہ جوابی کارروائیاں ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب سعودی طیارے تعز، صعدہ، البیضاء اور دوسرے یمنی صوبوں پر مسلسل بمباری کر رہے ہیں۔ بدھ کو تعز کے ضلع حیفان میں ایک گھر پر سعودی بمباری سے ایک ماں اور اس کے تین بچے شہید ہو گئے، جبکہ شام کو تعز کے ضلع مقبنہ میں بھی ایک گھر پر بمباری سے شہری شہید اور زخمی ہوئے۔ یمنی قیادت کا کہنا ہے کہ جب تک سعودی عرب حملے اور محاصرہ ختم نہیں کرتا، یمن اپنے عوام کے دفاع میں جواب دیتا رہے گا۔

ذریعہ: یمنی مسلح افواج، المسیرہ ٹی وی، یمن پریس ایجنسی