یمن اردو: یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے اعلان کیا ہے کہ سعودی جنگی طیاروں نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں یمن پر 124 فضائی حملے کیے اور میزائل داغے، جن میں خواتین اور بچوں سمیت شہری شہید اور زخمی ہوئے۔ یہ اعلان جمعہ کی رات یمنی خبر ایجنسی سبا کے ذریعے جاری بیان میں کیا گیا۔

بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع کے مطابق سعودی حملوں میں دارالحکومت صنعاء کے ساتھ ساتھ تعز، لحج، صعدہ، حجہ، الحدیدہ، عمران اور الجوف صوبوں میں شہری مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ یوں ایک ہی دن میں 8 یمنی صوبے سعودی بمباری کی زد میں رہے۔

مزید پڑھیں: سو دن میں 2900 سعودی حملے، جواب میں ریاض وزارت دفاع سمیت 4 اہداف پر یمنی وار

یمنی فوجی ترجمان نے بتایا کہ فضائی حملے ایف 15 طیاروں سے کیے گئے جو سعودی عرب کے خمیس مشیط فضائی اڈے سے اڑے، جبکہ میزائل حملے نجران کے علاقے سے کیے گئے۔ ان کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے یمن پر حالیہ جارحیت کے آغاز سے اب تک فضائی حملوں اور میزائلوں کی مجموعی تعداد 3024 تک پہنچ چکی ہے۔

یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب گزشتہ دو دن میں تعز کے اضلاع المسراخ، الشمایتین اور المخا، حجہ کے ضلع بکیل المیر اور صعدہ کے الجوازات علاقے پر سعودی بمباری سے بچوں، خواتین اور افریقی مہاجرین سمیت متعدد شہری شہید اور زخمی ہوئے۔ سبا کے مطابق ہفتے کو بھی سعودی طیاروں نے صعدہ شہر کے مشرقی حصے پر 3 فضائی حملے کیے۔

المسیرہ کے مطابق سعودی جارحیت شہریوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے، بنیادی ڈھانچہ تباہ کر رہی ہے اور مارچ 2015 سے جاری جنگ اور معاشی پابندیوں کے بعد یمن کے انسانی بحران کو مزید گہرا کر رہی ہے۔

ماخذ: سبا، المسیرہ