یمن اردو: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے یمن میں ایرانی فوجی ماہرین کی موجودگی کے دعووں کو سختی سے رد کر دیا ہے۔ المسیرہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ اس بارے میں پھیلائی جانے والی باتوں کی کوئی حقیقت نہیں۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ یمنی قوم نے ثابت کر دیا ہے کہ اس کے پاس اپنی خود مختاری اور عزت کے دفاع کے لیے پوری صلاحیت اور تجربہ موجود ہے، اور اسے کسی بھی فریق کی مداخلت کی ضرورت نہیں۔

مزید پڑھیں: یمن میں ہمارے ماہرین کی موجودگی کا الزام سراسر جھوٹ ہے، حزب اللہ لبنان

ایرانی ترجمان نے یمن پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی، خاص طور پر عام شہریوں کی عمارتوں، اہم بنیادی ڈھانچے اور رہائشی علاقوں پر حملوں کی۔ انہوں نے کہا کہ امن کے لیے ضروری ہے کہ حملے بند ہوں، یمنی قوم کے حق کا احترام کیا جائے، یمن کا سمندری اور فضائی محاصرہ ختم کیا جائے اور طے شدہ راستے کے مطابق بات چیت کی جائے۔

یاد رہے کہ سعودی حمایت یافتہ حکومت کے وزیر داخلہ نے حال ہی میں دعویٰ کیا تھا کہ ایرانی اور حزب اللہ کے ماہرین انصار اللہ کے ساتھ موجود ہیں۔ حزب اللہ بھی اس دعوے کو جھوٹا قرار دے کر مسترد کر چکی ہے، جبکہ سعودی طیارے یمن کے مختلف صوبوں پر روزانہ بمباری کر رہے ہیں۔

ذریعہ: المسیرہ