یمن اردو: یمن کے صوبہ تعز میں سعودی جنگی طیاروں نے ایک شہری کے گھر پر بمباری کی، جس میں دو بچے اور دو لڑکیاں شہید ہو گئیں۔ یمنی چینل المسیرہ کے تعز میں نمائندے کے مطابق یہ حملہ پیر کی شام ضلع الشمایتین کے علاقے الزعازع میں کیا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اس حملے میں دو اور شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔
یمن پریس ایجنسی نے بھی اس خبر کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ یہ شہداء اور زخمیوں کی ابتدائی تعداد ہے۔ گھر عام شہریوں کا تھا اور اس میں بچے موجود تھے۔ اسی دن تعز کے ضلع المسراخ میں ایک بازار پر سعودی حمایت یافتہ گروہوں کے حملے میں بھی کئی شہری شہید ہوئے تھے، جن کی تعداد اب دس تک پہنچ گئی ہے۔
مزید پڑھیں: تعز کے بازار پر سعودی حمایت یافتہ گروہوں کے حملے میں 8 شہری شہید، درجنوں زخمی
یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے پیر کو بتایا کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں سعودی جنگی طیاروں نے یمن کے صوبوں صعدہ، تعز، لحج، الجوف اور حدیدہ پر 109 فضائی حملے کیے۔ ان کے مطابق یہ طیارے خمیس مشیط اور طائف کے فوجی اڈوں سے اڑے اور ان حملوں میں عام شہری شہید اور زخمی ہوئے۔
یحییٰ سریع کے مطابق جارحیت میں اضافے کے بعد سے اب تک سعودی عرب یمن پر 3939 فضائی اور میزائل حملے کر چکا ہے۔ المسیرہ کے مطابق آج شام صوبہ صعدہ کے ضلع الصفراء کے علاقے عکوان میں بھی ایک سعودی فضائی حملے میں کئی شہری زخمی ہوئے۔
ذریعہ: المسیرہ، یمن پریس ایجنسی، یمنی مسلح افواج، المیادین


