یمن اردو: سعودی جارحیت کے جواب میں یمنی مسلح افواج نے سعودی عرب کی گہرائی میں اب تک کی سب سے وسیع کارروائیوں میں سے ایک کا اعلان کر دیا ہے۔ پیر 19 اکتوبر کو جاری فوجی بیان کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں میں بڑی تعداد میں بیلسٹک اور کروز میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے چھ خصوصی فوجی کارروائیاں کی گئیں، جن میں ینبع میں سعودی آرامکو کی تنصیبات، شیبہ آئل فیلڈ، ریاض کا کنگ خالد ہوائی اڈہ، ابہا بین الاقوامی ہوائی اڈہ، خمیس مشیط فضائی اڈہ، سعودی ریڈار اور سعودی بحری ٹاسک فورس کا کیمپ نشانہ بنے۔ بیان کا آغاز اس آیت سے کیا گیا: "جو تم پر زیادتی کرے، تم بھی اس پر اتنی ہی زیادتی کرو جتنی اس نے تم پر کی”۔
یمنی مسلح افواج کے بیان کے مطابق پہلی کارروائی میں ینبع میں آرامکو کو دو مرحلوں میں نشانہ بنایا گیا، نشانہ درست لگا اور ہدف بنائے گئے مقامات پر بڑی آگ بھڑک اٹھی۔ دوسری کارروائی میں شیبہ آئل فیلڈ کو براہ راست نشانہ بنایا گیا، جس سے وہاں بھی آگ لگ گئی۔ تیسری کارروائی میں ریاض کے کنگ خالد ہوائی اڈے پر تین مرحلوں میں درست اور براہ راست حملے کیے گئے۔
مزید پڑھیں: سعودی فضا غیر محفوظ ہے، یمنی مسلح افواج کا دوٹوک انتباہ
چوتھی کارروائی تین مرحلوں پر مشتمل تھی، جس میں ابہا بین الاقوامی ہوائی اڈے، جبل الحصن اور جبل الرحمہ پر نصب سعودی ریڈاروں اور خمیس مشیط فضائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔ بیان کے مطابق اس سے ابہا ہوائی اڈے پر فضائی آمد و رفت معطل ہو گئی اور فضائی اڈے کو نقصان پہنچا۔ پانچویں کارروائی میں سعودی بحری ٹاسک فورس کے کیمپ کو درست نشانہ بنایا گیا جس میں سعودی اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے، جبکہ چھٹی کارروائی میں بئر عسکر میں سعودی ریڈار براہ راست نشانہ بن کر تباہ ہو گیا۔
یمنی مسلح افواج نے واضح کیا کہ یہ کارروائیاں اس سعودی جارحیت کا جواب ہیں جس نے صرف 48 گھنٹوں میں دارالحکومت صنعاء اور آزاد صوبوں میں شہری مقامات پر 200 سے زائد فضائی حملے کیے اور میزائل داغے، جن میں درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے اور ان میں اکثریت خواتین اور بچوں کی تھی۔ بیان کے مطابق تصعید کے آغاز سے اب تک سعودی فضائی اور میزائل حملوں کی مجموعی تعداد 2700 سے تجاوز کر چکی ہے۔ المسیرہ کے مطابق یمنی کارروائیاں سعودی عرب پر بھاری قیمت عائد کر رہی ہیں اور اس کے معاشی و اسٹریٹجک اہداف، خاص طور پر ویژن 2030، کو کھوکھلا کر رہی ہیں، جس کا سارا دار و مدار مملکت کے ہوائی اڈوں اور بنیادی ڈھانچے کے تحفظ پر ہے۔
بیان میں دوٹوک اعلان کیا گیا کہ اللہ پر توکل کرنے والا یمن اس مجرم دشمن کے سامنے نہیں جھکے گا اور جارحیت کا جواب مزید وسیع کارروائیوں، زیادہ سخت ضربوں اور شدید تر اہداف سے دے گا۔ یمنی مسلح افواج کے مطابق سعودی گہرائی میں کارروائیاں، "محاصرے کا جواب محاصرہ اور تصعید کا جواب تصعید” کی مساوات اور سعودی دشمن کی تحشیدات کو نشانہ بنانے کا سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک جارحیت بند اور یمن کا محاصرہ ختم نہیں ہو جاتا۔
ماخذ: یمنی مسلح افواج (الاعلام الحربی)، المسیرہ، سبا نیوز ایجنسی


