یمن اردو: پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ان خبروں کی تردید کر دی ہے کہ ایران نے پاکستان کے لیے اپنی سرحدیں بند کر دی ہیں۔ اتوار 25 اکتوبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری وضاحتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے ایل پی جی سمیت کسی بھی ایرانی سامان کی پاکستان برآمد پر اس وقت کوئی پابندی نہیں، اور ایران کی سرحدیں اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے لیے کھلی ہیں۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ موجودہ حالات میں فطری اور عقلی طور پر یہ نہ منطقی ہوگا اور نہ ہی کسی فریق کے مفاد میں کہ ایران اپنے قریبی ہمسایوں، خصوصاً برادر ملک پاکستان کے لیے سرحدیں بند کرے۔ ان کے مطابق ایران سے درآمدات کے لیے پاکستان کے ای فارم طریقہ کار کے نفاذ میں تبدیلیوں کے باعث اس وقت تاجر عملی طور پر ایران سے پاکستان کارگو روانہ نہیں کر پا رہے، اور اس معاملے کے حل کے لیے پاکستانی حکام سے مشاورت جاری ہے۔
مزید پڑھیں: افزودہ یورینیم کا ایک ذرہ بھی ایران سے باہر نہیں جائے گا، جنرل محسن رضائی
ڈاکٹر امیری مقدم نے بتایا کہ اطلاعات کے مطابق ایل پی جی سے لدے کئی سو ٹرک ایران کی رمدان سرحد سے پاکستانی علاقے گبد میں داخل ہو چکے ہیں، تاہم کئی ہفتے گزرنے کے باوجود ان کا سامان اتارا جا سکا ہے نہ انہیں کلیئرنس مل سکی ہے، جس سے سامان کی آمد و رفت اور دوطرفہ تجارت کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔
پاکستانی اخبار ڈان کے مطابق پاکستان نے ہفتہ 24 اکتوبر کو گوادر میں گبد رمدان سرحدی گزرگاہ، جسے گیٹ 250 بھی کہا جاتا ہے، تجارت کے لیے دوبارہ کھول دی، جہاں 17 اکتوبر سے تجارتی سرگرمیاں معطل تھیں۔ پہلے مرحلے میں 16 اکتوبر یا اس سے پہلے کی تاریخ والے کنسائنمنٹ نوٹ رکھنے والی تجارتی کھیپوں کو گزرنے کی اجازت دی گئی۔ گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میر نوید جان کلمتی نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں جانب پھنسے تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو فوری ریلیف ملے گا اور ملک میں ایل پی جی کی قلت اور توانائی و خوراک کی بڑھتی قیمتوں میں کمی کی امید ہے۔
ایرانی سفیر نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان سرحدی تجارت دونوں ممالک کی اعلیٰ ترین سطح پر طے پانے والے دوطرفہ معاہدوں کا لازمی حصہ ہے اور دونوں ملکوں اور ان کے عوام کے مشترکہ مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے اس تجارت کی سہولت اور فروغ کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی، اور پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ قریبی رابطے میں موجودہ مشکلات دور کرنے، سامان کی ترسیل آسان بنانے اور دونوں برادر ملکوں کے اقتصادی تعاون کو مضبوط کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا۔
ماخذ: ایرانی سفیر رضا امیری مقدم (ایکس)، ڈان


