یمن اردو: امریکہ میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ری پبلکن پارٹی کو بھاری شکست کا سامنا ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق امریکی چینل این بی سی کا اندازہ ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی ایوانِ نمائندگان کی 244 نشستیں جیت لے گی، جبکہ ایوان پر قبضے کے لیے 218 نشستیں درکار ہیں۔ ایرانی چینل پریس ٹی وی نے خبر دی ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی نے ایوانِ نمائندگان کا قبضہ ری پبلکن پارٹی سے چھین لیا ہے۔

لبنانی چینل المیادین کے مطابق اب تک آنے والے نتائج میں ڈیموکریٹک پارٹی ایوانِ نمائندگان میں 143 نشستوں پر آگے ہے جبکہ ری پبلکن پارٹی کے پاس 85 نشستیں ہیں۔ ریاست جارجیا سے ڈیموکریٹک امیدوار جون اوسوف نے سینیٹ کی نشست جیت لی ہے۔ پریس ٹی وی کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی نے سینیٹ کی کئی ایسی نشستیں بھی جیت لی ہیں جو پہلے ری پبلکن پارٹی کے پاس تھیں۔

مزید پڑھیں: آبنائے ہرمز میں چار تیل بردار جہاز تباہ اور 56واں امریکی ڈرون مار گرایا، سپاہ پاسداران انقلاب ایران

تسنیم کے مطابق ٹرمپ کے حامی امریکی چینل فاکس نیوز کے ایک میزبان نے بھی مان لیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کے نتائج نے وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کی بری کارکردگی میں کردار ادا کیا۔ ریاست نارتھ کیرولائنا کے گورنر روئے کوپر نے بھی کہا کہ ہمیں یہ جنگ ختم کرنے اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کے لیے کام کرنا ہوگا۔

اپنی پارٹی کی شکست پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کا نام ووٹ کی پرچی پر نہیں تھا اور اگر وہ خود امیدوار ہوتے تو بھاری اکثریت سے جیت جاتے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے حوالے سے المیادین نے بتایا کہ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ انتخابی نتائج قبول کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ یاد رہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی ایران پر جارحیت کے بعد آبنائے ہرمز میں کشیدگی سے دنیا بھر میں تیل اور گیس کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، جس کا بوجھ امریکی عوام پر بھی پڑا ہے۔

ذریعہ: تسنیم نیوز، پریس ٹی وی، المیادین