یمن اردو: یمنی مسلح افواج نے منگل کے روز صوبہ لحج اور صوبہ الجوف کے محاذوں پر سعودی فوجی اجتماعات کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔ ترجمان یمنی مسلح افواج بریگیڈیئر یحییٰ سریع نے بتایا کہ لحج کے مغرب میں راس العارہ اور المضاربہ کے علاقوں میں سعودی افسر بدر الحربی کے ماتحت فوجیوں کے اجتماعات پر کئی بیلسٹک میزائل داغے گئے۔ ترجمان کے مطابق نشانے ٹھیک لگے اور کمانڈروں سمیت درجنوں اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے۔

ترجمان نے بتایا کہ دوسری کارروائی میں صوبہ الجوف کے مشرق میں سعودی افسر فارس الشمری کے ماتحت فوجیوں کے اجتماعات کو بھی کئی بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں بڑی تعداد میں اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے، جبکہ کئی فوجی گاڑیاں تباہ ہو گئیں اور جل گئیں۔

مزید پڑھیں: صنعاء کی افواج کے قریب آتے ہی سعودی دستے العند کا بڑا فوجی اڈہ خالی کرنے لگے، یمن پریس ایجنسی

راس العارہ اور المضاربہ کا علاقہ باب المندب کے قریب ہے، جہاں پچھلے کئی دنوں سے صنعاء کی افواج آگے بڑھ رہی ہیں۔ یمن پریس ایجنسی کے مطابق صنعاء کی افواج کے قریب پہنچنے کے بعد سعودی افواج نے لحج میں العند کے فضائی اڈے سے اسلحہ اور بھاری فوجی سامان فوری طور پر نکالنے کا حکم دیا ہے۔

اسی روز یمنی افواج نے سعودی عرب کے ابہا ہوائی اڈے اور خمیس مشیط کے فضائی اڈے پر بھی ڈرون اور میزائل حملے کیے۔ دوسری طرف سعودی طیاروں کی یمن پر بمباری جاری ہے اور منگل کو صوبہ صعدہ کے ضلع مران میں مواصلاتی نظام پر دو فضائی حملے کیے گئے۔

ذریعہ: یمنی مسلح افواج، یمن پریس ایجنسی، المسیرہ، المیادین، پریس ٹی وی