یمن اردو: ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں دشمن کے چار تیل بردار جہاز بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر تباہ ہو گئے ہیں اور ابھی تک جل رہے ہیں۔ ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سپاہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے بدھ کی صبح ایک بیان میں بتایا کہ یہ جہاز آبنائے ہرمز کے جنوب میں اس راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے جہاں سے گزرنا منع ہے۔
بیان کے مطابق دشمن کے دو اور جہازوں کو بھی روک لیا گیا ہے۔ سپاہ نے مزید بتایا کہ اس کی فضائی دفاعی فورس نے بدھ کی صبح ساڑھے چار بجے آبنائے ہرمز کے اوپر جدید دفاعی نظام کے ذریعے امریکہ کا ایک اور ایم کیو نائن ڈرون مار گرایا۔ سپاہ کے مطابق یہ اس قسم کا چھپنواں امریکی ڈرون ہے جسے ایران نے گرایا ہے۔
مزید پڑھیں: ایران نے 55واں امریکی ڈرون مار گرایا، دو جاسوس ڈرون قبضے میں لے لیے، سپاہ پاسداران ایران
سپاہ پاسداران نے اپنے بیان میں ایرانی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے اپنا وعدہ پورا کیا اور پے در پے کامیابیاں عطا کیں۔ بیان میں کہا گیا کہ اسلام کے سپاہی بچوں کے قاتل صیہونی حکومت اور جارح امریکہ کو آخری ضرب لگانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
یاد رہے کہ ایران پر امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے بعد سے آبنائے ہرمز بند ہے۔ اس سے پہلے بھی سپاہ پاسداران کئی بار بتا چکی ہے کہ ہدایات نہ ماننے والے تیل بردار جہاز بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر جل گئے ہیں۔ منگل کو سپاہ نے تین جہازوں کے جلنے کی خبر دی تھی۔
ذریعہ: تسنیم نیوز ایجنسی، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران


